آرٹ تھراپی ۔ ایک تعارف

آرٹ تھراپی ۔ ایک تعارف

تھراپی کا ایک عام تأثر یہی ہے کہ ایک کمرے میں دو لوگ موجود ہوں اور گفتگو کر رہے ہوں لیکن کیا آپ یہ جانتے ہیں کہ تھراپی اس سے زیادہ بھی ہوسکتی ہے۔ سائیکلوجسٹ اکثر اپنے مریضوں کو رنگ بھرنے والی کتابیں اور مصوری کرنے کی ترغیب دیتے ہیں لیکن تصور کریں کہ تھراپی صرف آرٹ اور مصوری پر مشتمل ہو۔



آرٹ تھراپی کیا ہے؟

آرٹ تھراپی ایک ذہنی صحت اور انسانی خدمات کا پیشہ ہے جو کہ افراد ، خاندان اور کمیونٹی کی زندگی کو نفسیاتی تعلقات میں رہتے ہوئے فعال فنِ تعمیر، تخلیقی سوچ و بچار، نفسیاتی نظریات اور انسانی تجربات کے ذریعے بہتر بنایا جاتا ہے۔ امریکن آرٹ تھراپی ایسوسی ایشن
آرٹ تھراپی، ایک اظہاریہ طریقۂ علاج ہے جو کہ عام طور پر فن اور نفسیات کا مرکب تصور کیا جاتا ہے کیونکہ اس لوگوں کی زندگی کے مختلف پہلوؤں خاص طور پر رویہ اور ذہنی حالت میں بہتری کے لیئے ان کی مدد کرنے کے لیئے فن اور نفسیاتی علاج کے طریقوں کو سامنے رکھا جاتا ہے ۔ دورانِ علاج ، مریض کے مسائل کو مختلف فن پاروں کے ذریعے حل کیا جاتا ہے جو کہ مریض خود تیار کرتا ہے یا پھر کسی تیسرے انسان کی مدد سے بنوایا جاتا ہے۔



آرٹ تھراپی کون انجام دیتا ہے؟

تھراپی کا یہ طریقہ کار صرف وہ ماہر معالج انجام دے سکتا ہے جو کہ کسی معتبر ادارے سے رجسٹرڈ اور تسلیم شدہ ہو۔ آپ کو ایسے ماہر معالج بحالی کے مراکز، سینئر مراکز، اسپتالوں، نفسیاتی سہولیات کے مراکز اور اسکولوں میں با آسانی مل جائیں گے۔ عام طور پر آرٹ تھراپسٹ اکثر بحران کے مراکز، فارنزک مراکز، حراست کے مراکز، طبی تحقیقات کے مراکز اور فلاح و بہبود کے مراکز میں کام کرتے ہیں۔



کن لوگوں کو آرٹ تھراپی کی ضرورت ہے؟

آرٹ تھراپی ذہنی صحت کا ایک پیشہ ہے جس میں لوگوں کا معیارِزندگی بہتر بنانے پر توجہ دی جاتی ہے۔ تمام عمر اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگ اس سے مستفید ہوسکتے ہیں۔ اگر آپ مندرجہ ذیل کسی بھی حالت کا شکار ہیں تو آپ آرٹ تھراپی سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ آرٹ تھراپی بنا کسی وجہ کے بھی حاصل کی جاسکتی ہے کیونکہ یہ ذہنی صحت کے لیئے بہت فائدہ مند ثابت ہوتی ہے۔
. وہ لوگ جو کہ پی ٹی ایس ڈی کا شکار ہوں یا اپنے ماضی کے واقعات کی وجہ سے منفی خیالات کا شکار رہتے ہوں۔
. وہ تمام لوگ جو کسی سنگین بیماری میں مبتلا ہوں جیسا کہ کینسر، دماغی چوٹ، ذیابیطس، دل کی بیماری، عمر کے ساتھ ہونے والی ذہنی پیچیدگی وغیرہ۔

. ذہنی دباؤ
. گھبراہٹ
. کھانے پینے کے معمولات میں بے قاعدگی
. ذہنی پریشانی
. دھیان اور توجہ کی کمی کی شکایت Attention Deficit Hyperactivity Disorder (ADHD)
. ایسے جوڑے جنہیں جذبات کی کمی کا سامنا ہو۔
. مادی چیزوں پر انحصار
. ایسا شخص جو کہ اپنے شخصی اعتبار کو بڑھانے کی کوشش کر رہا ہو۔



عام طور پر استعمال کیئے جانے والے طریقے

ہر آرٹ تھراپسٹ کے پاس اپنا ایک طریقہ علاج ہوتا ہے جو کہ دورانِ علاج استعمال کیا جاتا ہے۔ آپ کو یہ بات سمجھنے کی ضرورت ہے کہ تمام آرٹ تھراپسٹ مختلف طریقے سے کام کرتے ہیں مثلاً وہ دورانِ علاج مختلف روحانی، نفسیاتی اور فنکارانہ نظریات کا استعمال کرتے ہیں۔ انہیں فن اور نفسیات کے نظریات کی مکمل معلومات ہوتی ہیں جن کے مرکب سے وہ مطلوبہ نتائج حاصل کرنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں۔ اگر آپ آرٹ تھراپی حاصل کرتے ہیں تو آپ خود کو مندرجہ ذیل کام کرتے ہوئے پائیں گے۔

. کارڈ بنانا
. برتن بنانا
. انگلیوں کی مدد سے مصوری کرنا
. خاکے بنانا
. سنگ تراشی
. مختلف اشیاء کو جوڑ کر ایک نئی چیز بنانا
. مجسمہ سازی
. خطوط اندازی
. بنا کسی موضوع کے لکھنا
. رنگ سازی
. کپڑوں کا استعمال
. چکنی مٹی کا استعمال

ایک آرٹ تھراپسٹ کا بنیادی مقصد مریض کو اسکی ذات سے واقف کروانا، اسکی سماجی صلاحیتوں کو بہتر کرنا، اسے اس قابل بنانا کہ وہ اپنے جذبات اور جذباتی مسائل کو سمجھ سکے اور انہیں حل کرسکے۔ آرٹ تھراپی میں مریض کا پہلے سے فنی صلاحیتوں کا حامل ہونا ضروری نہیں ہوتا۔ آرٹ تھراپی انسان کو اس قابل بناتی ہے کہ وہ کچھ کہے بغیر اپنے جذبات، خیالات اور احساسات کا کھل کر اظہار کرسکے اور ساتھ ہی علاج کی سہولت بھی حاصل کرسکے۔ آرٹ تھراپی میں تمام تر توجہ مریض کے خیالات اور احساسات کے اظہار پر ہوتی ہے اس لیئے مریض کے تخلیق کردہ فن پاروں کے معیار کو نظرانداز کیا جاتا ہے۔ ایک آرٹ تھراپسٹ اپنی صلاحیتوں اور معلومات کا استعمال کرتے ہوئے مریض کے بنائے گئے فن پاروں میں چھپے ہوئے جذبات اور پیغامات کو سمجھ لیتا ہے اور اس کے مطابق طریقہ علاج اختیار کرتا ہے۔



حوالہ جات

۱) امریکن آرٹ تھراپی ایسوسی ایشن (جون ۲۰۱۷)

https://www.arttherapy.org/upload/2017_DefinitionofProfession.pdf سے حاصل کردہ


۲) گڈ تھراپی آرگنائزیشن

https://www.goodtherapy.org/learn-about-therapy/types/art-therapy سے حاصل کردہ


۳) اپنا آرٹ تھراپی کا پیشہ شروع کریں

https://careersinpsychology.org/start-your-art-therapy-career سے حاصل کردہ