ذہنی بیماریاں

کبھی کبھار دوہری کیفیات کا شکار ہونا، انسان کے لیئے بے حد مشکلات کا سبب بن جاتا ہے، جس کے لیئے بہت ہمت اور حوصلے کی ضرورت ہوتی ہے۔ تو اگر آپ اس بیماری میں مبتلا ہیں اور پھر بھی زندگی کے کام سر انجام دے رہے ہیں تو آپ کو اس بات پر شرمندہ ہونے کے بجائے فخر محسوس کرنا چاہیئے۔

کیری فشر ، ایک امریکی اداکارہ-


تعارف

لفظ بائی پولر (Bipolar)کو سمجھنے سے پہلے ، لفظ ’’ جنیاتی خطرات‘‘  ((Biological vulnerabilityکو سمجھنے کی ضرورت ہے جو کہ ان لوگوں کے لیئے استعمال کیا جاتا ہے جن میں پیدائشی طور پر مختلف بیماریاں موجود ہوتی ہیں یا پھر ان میں جنیاتی (Genetic) طور پر کئی بیماریوں کا شکار ہوجانے کے خطرات موجود رہتے ہیں۔ مثال کے طور پر کچھ لوگوں میں بلڈ پریشر (Blood Pressure) کی بیماری میں مبتلا ہونے کے امکانات ہوتے ہیں اور کچھ میں شوگر یا ذیابیطس(Diabetes) کی بیماری کی طرف جانے کا رجحان بڑھ جاتا ہے ۔ اسی طرح کچھ لوگوں میں ذہنی بیماریوں مثلاً اُداسی (Depression) اور بائی پولر ڈس آرڈر (Bipolar Disorder) کے ہونے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔ 

دوہری کیفیت کا شکار ہونے کی بیماری (Bipolar Disorder) کی مختلف حالتوں میں مزاج، توانائی، کام کرنے کی صلاحیت اور روزمرہ کاموں کے پورا کرنے کی اہلیت میں غیر معمولی تبدیلیاں شامل ہیں۔ جو لوگ اسکا شکار ہوتے ہیں ان میں دو مختلف طرح کی کیفیات سامنے آتی ہیں
۱) بہت اچھا محسوس کرنا یا جنونیت کی کیفیت جس میں انسان مزاجاًبہت خوش، پُرجوش اور بہت زیادہ توانائی محسوس کرتا ہے
۲) بہت برا محسوس کرنا یا اُداسی کی کیفیت جس میں انسان خود کو افسردہ، نا اُمید، بے ہمت اور دل شکستہ محسوس کرتا ہے۔ 

نشانیاں اور علامات: 

دوہری کیفیت کا شکار ہونے کی بیماری (Bipolar Disorder) کی نشانیاں اور علامت جاننے سے پہلے یہ جاننا ضروری ہے کہ یہ ہر انسان میں، اس کے اندرونی ااور بیرونی حالات کی وجہ سے، الگ الگ طرح کا ہوسکتا ہے ۔اس کے علاوہ گزرتے وقت کے ساتھ اس بیماری کی شدت میں بھی تبدیلی ہوسکتی ہے۔ سب سے پہلے اس بیماری کا جائزہ لینا ضروری ہے جس میں اس میں شامل مختلف کیفیات کو جاننا ضروری ہے۔ 
جنونیت کی کیفیت (The Manic Episodes) میں انسان چڑچڑا اور بلند مزاج محسوس کرتا ہے جس میں وہ خود کو اندرونی طور پر توانا محسوس کرتا ہے جو کہ ایک ہفتے تک جاری رہتی ہے۔ اس کے علاوہ، مندرجہ ذیل علامات کی مدد سے بھی کسی انسان کے رویئے میں تبدیلیوں کو محسوس کیا جاسکتا ہے:

۱) غیر معمولی احساس جس میں خود کو توانائی سے بھرپور سمجھنا یا ایسا محسوس ہونا کہ آپ بیٹھ نہیں سکتے
۲)کچھ گھنٹوں کی نیند سے ہی خود کو بہتر اور تازہ دم محسوس کرنا
۳)ہر وقت بات کرنے کی ضرورت محسوس کرنا
۴)تیز اور مستقل خیالات کا بہاؤ
۵)بد حواسی محسوس کرنا
۶) فیصلہ کرنے کی طاقت نہ ہونا
ہائپو مینک (Hypomanic) جنونیت کی ایک دوسری کیفیت ہے جس میں مندرجہ بالا تمام علامات موجود ہوتی ہیں اور یہ کیفیت ۴ دن تک رہتی ہے۔ لیکن یہ مینک ایپیسوڈ (Manic Episode) کی کیفیت کی طرح معاشی اور رسمی انداز میں نقصان دہ ثابت نہیں ہوتا۔
اداسی کی کیفیت (Major Depressive Episode) کی دو واضح علامات ہوتی ہیں، مزاج میں اُداسی اور کسی چیز میں دلچسپی نہ ہونا۔ان کے علاوہ ۷ مزید ایسی علامات ہیں جو کہ ا س کیفیت میں ظاہر ہوتی ہیں۔ چنانچہ اس حالت کا شکار انسان ۲ ہفتوں تک مسلسل ان کیفیات میں مبتلا رہ سکتا ہے:
۱)وزن میں تبدیلی
۲)سونے کی عادتوں میں تبدیلی
۳)بے آرامی یا سستی
۴)توانائی کی کمی
۵)اپنے آپ کو ناکارہ سمجھنا
۶)کسی کام پر توجہ دینے میں ناکامی
۷)خودکشی کرنے کے خیالات

دوہری کیفیت کا شکار ہونے کی بیماری (Bipolar Disorder) میں، ذہنی پریشانی (Psychosis) کی کیفیت کسی بھی وقت ایک یا دونوں طرح کی مزاجی کیفیات کے دورانیہ پر اثر انداز ہوسکتی ہے جس کے دوران انسان اصلیت اور تصورات میں فرق نہیں رکھ پاتا اور وہم و گمان (Delusion andHallucination) کا شکار ہوجاتا ہے۔

دوہری کیفیت کی بیماری (Bipolar Disorder) کی اقسام:

بائی پولر ڈس آرڈر کی تین بنیادی اقسام اب تک معلوم کی جاچکی ہیں البتہ ان تمام اقسام میں مزاج، توانائی اور سرگرمیوں کی سطح میں واضح تبدیلی موجود ہے۔ 

۱) بائی پولر- Iڈس آرڈر (Bipolar-I Disorder) :

یہ کیفیت جنونیت (Manic) کی ایسی حالت کو بیان کرتی ہے جو کہ کم از کم سات دن تک موجود رہے یا پھر اتنی شدید ہو کہ اسپتال میں داخل کروانے کی نوبت آجائے۔ اس حالت میں افسردگی کی کیفیت بھی ظاہر ہوسکتی ہے جسکا دورانیہ کم از کم دو ہفتے ہوتا ہے ۔ممکنہ طور پر ایسی کیفیت بھی نمودار ہوسکتی ہے جس میں ملا جلا رجحان موجود ہو جیسا کہ اداسی(Depression ) اور جنونیت (Manic) کی علامات کا ایک ساتھ ظاہر ہوجانا۔

۲) بائی پولر- I  I ڈس آرڈر (Bipolar-II Disorder) :

یہ کیفیت اداسی (Depression) اور ہائپو مینک ایپیسوڈ (HypomanicEpisode) دوروں کے ایک مخصوس طریقے سے ایک ساتھ ظاہر ہونے کی وجہ سے پہچانی جاسکتی ہے۔ لیکن یہ جنونیت (Manic Episode) کے شدید دوروں کی طرح نہیں ہوتی۔

۳) سائیکلوتھمک ڈس آرڈر (Cyclothymic Disorder) : 

سائیکلوتھمک ڈس آرڈر (Cyclothymic Disorder) کو سائیکلوتھیمیا (Cyclothymia) بھی کہتے ہیں۔ اس کیفیت کے دوران ہائپو مینک (HypomanicEpisodes) اور اداسی (Depression) کے دوروں کی علامات سامنے آتی ہیں جن کا دورانیہ کم از کم ۲ سال تک ہوتا ہے( بچوں اور نوعمروں کے لیئے یہ دورانیہ ایک سال کا ہے)۔ البتہ عام طور پر اس کیفیت کی علامات وہ تشخیصی ضروریات پوری نہیں کرتیں جو کہ ہائپو مینک دورے (Hypomanic Episodes) اور اداسی (Depression) کے دوروں کی طرح ہوں۔

دوہری کیفیت کا شکار ہونے کی بیماری (Bipolar Disorder) ایک سنگین بیماری ہے جو کہ اسکے شکار افراد اور انکے خاندان کو کمزور بنادیتی ہے۔ اگر آپ یا آپکا کوئی اپنا اوپر دی گئی علامات سے گزر رہا ہے تو ہمارے ماہرِ نفسیات سے رابطہ کریں۔ہم آپ کی مدد کے لیئے حاضر ہیں۔ رُو ح برو۔ آئیے بات کریں۔ 



!ہم سے رابطہ کریں ، روح برو - آئیں بات کریں


 تھراپی حاصل کریں 


 اداسی اور افسردگی کے بارے میں جاننا چاہیںگے ؟ آگے پڑھیے    

  اداسی اور افسردگی